ہلدی کا جادوئی فائدہ سائنس نے بتادیا
21/03/2018 - مرحبا رپورٹ
ہلدی کے کئی طبی فوائد سے ہم آگاہ ہیں لیکن اب سائنسدانوں نے اس کا ایک ایسا جادوئی فائدہ بتا دیا
ہے کہ جان کر ہر کوئی اسے باقاعدہ اپنی خوراک کا حصہ بنا لے گا۔میل آن لائن کی رپورٹ کے
مطابق اٹلی کے سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ ان کی نئی تحقیق میں زخموں اور چوٹوں کے درد سے
نجات کے لیے ہلدی کا استعمال پیراسیٹامول اور آئبروفن سے بھی زیادہ مو¿ثر ثابت ہوا ہے۔ اس کے
علاوہ یہ جوڑوں کی سوزش کے مریضوں کے لیے بھی بے حد فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔
یہ تحقیق اٹلی کی فارماسیوٹیکل کمپنی ویلیجا (Velleja)کے سائنسدانوں نے کی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم
کے سربراہ ڈاکٹر فرانسسکو ڈی پیئرو کا کہنا تھا کہ ”جوڑوں کی سوزش، انفلیمیشن اور چوٹ یا
زخم کے درد کے علاج میں ہلدی کے فوائد بھی زیادہ ہیں اور پیراسیٹامول اور آئبروفن کے مقابلے
میں اس کے مضراثرات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ہم نے اپنی تحقیق میں رگبی کے 50کھلاڑیوں
پر تجربات کیے جنہیں اکثر چوٹوں کا سامنا رہتا ہے۔ ان میں سے جن کھلاڑیوں کو پیراسیٹامول اور
آئبروفن دی گئی ان کو درد سے افاقہ بھی کم ہوا اور ان میں سے 16فیصد کو ان گولیوں کے
مضراثرات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے برعکس جن مریضوں کو ہلدی دی گئی ان کی چوٹیں اور زخم
بھی جلدی ٹھیک ہو گئے اور ان میں مضراثرات کی شرح بھی صرف 4فیصد تھی۔ ہماری تحقیق میں
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ہلدی کینسر اور دل کی بیماریوں کے لیے بھی انتہائی مفید ثابت ہو سکتی
ہے۔“