اسپغول اور خوشیوں بھری زندگی
27/10/2019 - حکیم محمد عثمان
موجودہ طرز ز ندگی نے انسان کو کاہل بنا چھوڑا ہے،کاہلی ایسامرض ہے جوجسمانی طور پر ناکارہ بنادیتا
ہے اوراس سے کئی عارضے جنم لے لیتے ہیں،سستی و کاہلی اورغیر متوازن کھانوں کی وجہ سے معدہ کے
جو امراض جنم لیتے ہیں ان میں سے اہم مسئلہ قبض کا ہے جسے رفع کرنے کے لئے انسان ادویات کھانے پر
مجبور ہوجاتا ہے،قبض کو ام الامراض کہا جاتا ہے جس سے ایسی جاں لیو بیماریاں جنم لیتی ہیں کہ پھر
مستقلاً ادویات ہی غذا بن جاتی ہیں ،تحقیق کے مطابق جب معدہ کے امراض جنم لیں اور قبض جان نہ چھوڑے
تو اسکے لئے اسپغول جیسے فائبر کااستعمال کرنا چاہئے ۔
اسپغول اب معروف دوا اور غذا بن چکا ہے ۔یہ ایک ایسا بیج ہے جس کا پودا ایک گز کے قریب اونچا ہوتا
ہے۔اسکی ٹہنیاں باریک ہوتی ہیں اور پتے لمبے یعنی جامن کے پتوں سے تقریباً مشابہہ ہوتے ہیں ۔ اسکا رنگ
سرخی مائل سفید اور سیاہ ہوتا ہے۔ یہ بے ذائقہ اور لعاب دار ہوتا ہے اسکا مزاج سرد اور تر ہوتا ہے ۔اسکی
مقدار خوراک تین ماشہ سے ایک تولہ ہوتی ہے ۔
اسپغول کے چھلکے کو سبوس اسپغول کہتے ہیں۔اسپغول کے نمایاں فوائد میں طبیعت کی گرمی اور پیاس کی
شدت میں تسکین پہنچانا شامل ہے ۔گرمی کے بخار اور خون کے جوش کو تسکین دے کرطبیعت کو نرم کرتا
ہے ۔سینہ ، زبان ، حلق کے کھر کھرے اور جگر کی خرابی اور دمہ کی بیماریوں کیلئے مفید ہے ۔آنتوں کے
زخموں اور مروڑ ہونے کی صورت میں حالت کی درستگی کے حوالے سے بھی اسے شافی پایا گیا ہے ۔ اس
لئے اسے شربت صندل میں ایک بڑا چمچہ ڈال کر پلانا مفید ہوتا ہے ۔ قبض کشا ہے ۔ ملین اساس کے باعث
آنتوں میں پھسلن پیدا کرتا ہے اسکے لئے رات سوتے وقت ایک گلاس دودھ میں ایک چمچہ اسپغول کا چھلکا
ملا کر تین چار منٹ کے بعد استعمال کرنے کے بعد کھل کر اجابت ہوتی ہے۔یہ دائمی قبض میں بھی مفید ہے
،مردانہ جوہر کو گاڑھا کرتا ہے اور قوت باہ بڑھاتا ہے ۔
سر درد کی صورت میں اسپغول سرکہ میں رگڑ کر چنبیلی کا تیل ملا کر پیشانی پر لیپ کرنے سے فائدہ ہوتا
ہے ،اگر چنبیلی کے روغن کی بجائے روغن بادام ملا کر لیپ کیا جائے تو فوری افاقہ ہو گا ، جریان میں
اسپغول کا چھلکا ہمراہ شربت بزوری یا صندل کے صبح نہار منہ پینا فائدہ مند ہے ۔ دماغی طاقت بڑھاتا ہے ۔
دماغی کام کرنے والوں کیلئے ضروری ہے کہ رات سوتے وقت پانچ دانے گری بادام چبا کر کھائیں ۔اور بعد
میں ایک تولہ اسپغول دودھ میں ملا کرپئیں ۔
اسپغول مقوی دماغی نسخہ ہے۔ نسیان کے امراض میں اسپغول ایک بڑا چمچہ ہمراہ شربت صندل نہار منہ پینا
بے حد مفید ہے اور رات کو سوتے وقت پانچ دانہ گری بادام ، سونف، ایک تولہ اور کوزہ مصری حسب
ضرورت ہمراہ دودھ استعمال کریں۔ منہ کے دانوں کی تکلیف میں اسپغول کا استعمال بے حدمفیدہے ایسی
صورت میں 2 چمچ دہی میں ایک چمچ اسپغول ملا کر صبح نہار منہ کھاناچاہئے ۔
جسم کے ورموں کو بھی تحلیل کرنے کیلئے اسپغول کو سرکے میں رگڑ کر متاثرہ جگہ پر لیپ کرنا بے حد
مفید ہے۔ پیچش میں اسپغول ایک تولہ پانی کیساتھ کھانے سے فائدہ ہوتا ہے ۔ معدے کی بیماریوں خاص طور
پر السر میں بے حد مفید ہے ۔