چائے کو حد سے زیادہ گرم کرنا اور کینسر کا مرض ۔۔۔۔۔۔
09/02/2018 -
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) اکثر لوگ بہت گرم چائے پینا پسند کرتے ہیں لیکن اب سائنسدانوں نے اس کا
ایک انتہائی سنگین نقصان بتا دیا ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق چینی سائنسدانوں نے نئی
تحقیق میں بتایا ہے کہ ”جو لوگ 65ڈگری سینٹی گریڈ تک یا اس سے زیادہ گرم چائے پیتے ہیں ان
کے غذا کی نالی کے کینسرمیں مبتلا ہونے کے امکانات 5گنا بڑھ جاتے ہیں۔ جوگ لوگ سگریٹ
نوشی کرتے یا شراب پیتے ہیں ان میں یہ نقصان اور زیادہ ہوتا ہے۔ “
سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ ”65ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ گرم چائے غذا کی نالی میں زخم کر دیتی
ہے جن کا بھرنا بہت مشکل ہوتا ہے چنانچہ یہ زخم بالآخر کینسر بن جاتے ہیں۔ سگریٹ اور شراب
اس نقصان میں اس لیے اضافے کا باعث بنتی ہے کہ ان دونوں میں پائے جائے والے خطرناک
زہریلے مادے ان زخموں پر لگ کر اس کے کینسر بننے کی رفتار بڑھا دیتے ہیں۔“ پیکنگ
یونیورسٹی ہیلتھ سائنس سنٹر کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر جون لو کا کہنا تھا کہ ”یہ کینسر غذا
کی نالی میں گلے سے معدے تک کسی بھی جگہ ہو سکتا ہے اور عمر کی 60اور 70کی دہائی میں
موجود لوگ اس کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔جو لوگ مذکورہ درجہ حرارت سے کم گرم چائے پیتے ہیں
انہیں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ انہیں کینسر لاحق ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔“